جہاں منافقت ہوتی ہے وہاں سے برکت اٹھ جاتی ہے منگل، 26 مئی، 2020
مہذب معاشرے کے حوالے سےمیری ایک دوست سے بات ہورہی تھی تو اس نے ایک واقعہ سنایا کہ وہ ایک دفعہ صبح کے وقت کسی سکول کے سامنے سے گزر رہا تھا، اس نے سڑک پار کرنی تھی اور اس وقت روڈ پر ٹریفک کم تھی، چنانچہ اس نے وہیں درمیان سے ہی سڑک پار کرنی شروع کی۔ اتنے میں سکول کے اندر ایک ٹیچر کی نظر میرے دوست پر پڑ گئی، وہ بھاگی بھاگی باہر آئی اور اسے واپس بھیج کر کہا کہ یہاں سے سڑک پار مت کرو، آگے ٹریفک سگنل ھے، وہاں زیبرا کراسنگ سے سڑک کراس کرو۔ میرے دوست نے اسے بتایا کہ چونکہ اس وقت سڑک پر ٹریفک نہیں تھی، اس لئے وہ سڑک پار کررہا تھا۔
سکول ٹیچر نے اسے جواب دیا کہ وہ سارا دن سکول کے بچوں کو ڈسپلن سکھاتے ہیں، انہیں بتاتے ہیں کہ سڑک کیسے کراس کرتے ہیں، اگر وہ بچے تمہیں اس طرح بیچوں بیچ بغیر زیبرا کراسنگ کے سڑک پار کرتے دیکھیں گے تو ان کی ٹریننگ پر برا اثر پڑے گا۔
جب میرا دوست یہ واقعہ سنا چکا تو میری آنکھیں شرم سے زمین پر گڑگئیں۔ میرے ذہن میں پاکستانی سکولوں کے اساتذہ آگئے جو اپنے سٹوڈنٹس کے سامنے ہر قانون کی خلاف ورزی بھی کرتے ہیں، نظم و ضبط بھی توڑتے ہیں اور بداخلاقی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ جب تربیت دینے والے ایسے ہونگے تو تربیت لینے والوں کا پھر وہی حال ہی ہونا ھے جو اس وقت پاکستانی معاشرے کا ھے۔
ہم نے قرآن و حدیث کو صرف کتابوں کی شکل میں اپنے اپنے گھروں اور دفاتر کی الماریوں میں سجا کر رکھ چھوڑا ھے اور اسی آس پر بیٹھے ہیں کہ الماریوں میں پڑی یہ کتابیں ہماری بخشش کیلئے کافی ہونگی۔ جبکہ ان کا اصل مقصد تو ہماری تربیت تھی، قرآن و احادیث کے زریعے پوری معاشرتی زندگی اور اخلاقی اقدار کی نشونما کرنا تھی لیکن ۔ ۔ ۔
لیکن ہم نے اقدار کو کسی دشمن ملک کا ایجنٹ سمجھ کر اپنے سے دور رکھے رکھا۔ آج کے دور میں پانچ وقت کا نمازی بھی راستے میں جگہ جگہ تھوکتا جائے گا، وضو کرنے سے پہلے مسواک کی سنت پر تو ضرور عمل کرے گا لیکن دوران مسواک نلکا کھلا چھوڑ کر کئی گیلن پانی بھی ضائع کردے گا، سکولوں کے اساتذہ تدریس کے اوقات میں گپیں ہانکیں گے اور پھر سٹوڈنٹس کو 'حقوق و فرائض' پر لیکچر بھی دیں گے ۔ ۔ ۔ ۔۔
یہ منافقت ھے اور منافقت سے معاشرے بنتے نہیں بلکہ بگڑتے ہیں۔ اسی لئے تو ہمارے ملک میں ہر کام میں بگاڑ ھے، جہاں منافقت ہوتی ھے، وہاں سے برکت اٹھ جاتی ھے---🌾🌾
0 comment
Hashtag:
#اخلاقیات
#بچوں کی تربیت
#معاشرہ
You and others